<p>پلوامہ، جموں و کشمیر، سید عادل علی مشتاق</p><p>ضلع پلوامہ کے راجپورہ علاقے کے گاؤں حاجن پائیں میں وائلڈ لائف ٹیم نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ایک تیندوے کو کامیابی کے ساتھ قابو میں لے لیا، جس سے مقامی آبادی نے سکھ کا سانس لیا۔ مذکورہ تیندوا گزشتہ چند دنوں سے علاقے میں خوف و ہراس پھیلا رہا تھا جس سے لوگوں میں تشویش پیدا ہو چکی تھی۔ وائلڈ لائف محکمہ کے مطابق انہیں گاؤں حاجن پائیں اور اس کے ملحقہ علاقوں میں تیندوے کی موجودگی کی اطلاع موصول ہوئی تھی، جس کے فوراً بعد مدثر احمد بٹ کی قیادت میں وائلڈ لائف ٹیم کو موقع پر روانہ کیا گیا۔ ٹیم نے فوری طور پر علاقے کو گھیرے میں لے کر کیج اور جال نصب کیے اور احتیاطی تدابیر کے ساتھ سرچ آپریشن شروع کیا۔</p><p>کئی گھنٹوں کی مسلسل محنت اور پیشہ ورانہ حکمتِ عملی کے بعد وائلڈ لائف ٹیم تیندوے کو زندہ حالت میں قابو کرنے میں کامیاب رہی۔ کارروائی کے دوران کسی بھی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ افسروں کے مطابق تیندوے کو مکمل طبی جانچ کے بعد محفوظ جنگلی علاقے میں چھوڑ دیا گیا ہے، تاکہ قدرتی توازن برقرار رہے۔ </p>
